پاکستان

پیپلز پارٹی کے امیدوار سرفراز بگٹی بلامقابلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب

سرفراز بگٹی کے سوا کسی بھی امیدوار نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے اس لیے وہ بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے، اسپیکر بلوچستان اسمبلی

پاکستان پیپلزپارٹی کےنامزد امیدوار میر سرفراز بگٹی بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلی بلوچستان کے انتخاب کے لیے جمعہ کو نو بجے سے شام پانچ بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت تک پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی میر سرفراز بگٹی نے وزارت اعلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے او اس کے سوا کسی بھی دوسرے امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد میر سرفراز بگٹی کے کاغذات درست قرار دیے گئے اور اس طرح میر سرفراز بگٹی بلامقابلہ بلوچستان کے بلامقابلہ و زیر اعلیٰ منتخب ہو گئے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے باقاعدہ انتخاب کے لیے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس کل دن 11 بجے ہو گا۔

نئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کون ہیں؟

سابق صوبائی وزیر داخلہ اور نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی یکم جون 1975 کو ڈیرہ بگٹی میں پیدا ہوئے، ان کے والد میر غلام قادر میسوری قبیلے کی ایک قدرآور شخصیت تھے۔

سرفراز بگٹی نے اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر ڈیرہ بگٹی سے سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

صوبائی الیکشن میں کامیابی کے بعد سرفراز بگٹی کو بلوچستان کے وزیر داخلہ کا منصب سونپا گیا جنہوں نے صوبے میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر متعدد اقدامات کیے منتخب ہوئے۔

جہاں ایک طرف وہ قیام امن کے لیے اقدامات میں مصروف تھے تو دوسری جانب ملک دشمن قوتوں کی جانب سے ان پر متعدد بار قاتلانہ حملے بھی کیے گئے۔

2016 میں نامعلوم شرپسندوں نے سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے صوبائی وزیر داخلہ کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی تاہم وہ اس حملے میں خوش قسمتی سے بال بال بچ گئے تھے۔

جولائی 2022 میں اس وقت سینیٹر کے عہدے پر موجود میر سرفراز بگٹی بلوچستان کے علاقے روجھان پور میں قافلے کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں بال بال بچ گئے تھے۔

2018 میں بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد انتخابات میں حصہ لینے والے سرفراز بگٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن وہ 2018 اور 2021 میں سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

گزشتہ سال نگران حکومت کے قیام کے بعد وہ کابینہ کا حصہ تھے اور انہیں نگران وفاقی کابینہ میں وزیر داخلہ کا منصب دیا گیا تھا۔

تاہم بعدازاں انہوں نے اس منصب سے مستعفی ہوتے ہوئےپیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اور 2024 کے عام انتخابات میں ڈیرہ بگٹی سے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی۔10 سے کامیابی حاصل کر کے صوبائی اسمبلی کا حصہ بنے تھے۔