لائف اسٹائل

جڑواں بیٹیوں کی موت کو اب تک نہیں بھلا پایا، عمیر رانا

بطور والد میں نے پھر بھی بیٹیوں کو دیکھا، ان کی تدفین کروائی لیکن میری اہلیہ بطور والدہ کچھ نہیں کرپائیں، اداکار

سینیئر اداکار عمیر رانا نے کہا ہے کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود وہ اب تک اپنی جڑواں بیٹیوں کی موت کو نہیں بھلا پائے اور نہ ہی وہ زندگی بھر اس واقعے کو بھلا سکیں گے۔

حال ہی میں عمیر رانا نے عفت عمر کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی جڑواں بیٹیوں کی موت سے متعلق کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ سمیت پورا خاندان خوش تھا کہ ان کے ہاں بیٹیوں کی پیدائش ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ ٹھیک جا رہا تھا لیکن آخری ہفتوں میں پیچیدگیاں ہوئیں، جس سے وہ اپنی بچیوں سے محروم ہوگئے۔

اداکار کے مطابق ان کی اہلیہ کو دوران حمل خطرناک قسم کا یورینری ٹریکٹ انفیکشن (یو ٹی آئی) ہوگیا تھا جو کہ ایک لحاظ سے آخری اسٹیج تک پہنچ چکا تھا، جس وجہ سے پیچیدگیاں ہوئیں اور ان کی جڑواں بیٹیاں پیدائش کے وقت ہی دنیا سے چل بسیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور والد انہوں نے پھر بھی بیٹیوں کو دیکھا، ان کی تدفین کروائی لیکن ان کی اہلیہ بطور والدہ کچھ نہیں کرپائیں، انہیں کتنی تکلیف ہوئی ہوگی اور وہ آج تک کس کرب سے گزر رہی ہوگی؟

عمیر رانا پہلے بھی متعدد انٹرویوز میں اپنی جڑواں بیٹیوں کی موت سے متعلق بات کر چکے ہیں، ان کی جڑواں بیٹیوں کا انتقال 2012 میں ہوا تھا۔

عمیر رانا نے 2003 میں مائرہ رانا سے شادی کی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے۔

سمجھایا گیا بیوی کو تمہاری کمزوریوں کا پتا نہیں چلنا چاہیے، عمیر رانا

عمیر رانا نے ’جنسی ہراسانی‘ کے الزامات پر پہلی بار کھل کر وضاحت کردی

عمیر رانا میں پھیپھڑوں کے مسائل کی تشخیص