لائف اسٹائل

’جامن کا درخت‘ نے کانز ورلڈ فیسٹیول میں ایوارڈ اپنے نام کرلیا

جامن کا درخت‘ کا ٹریلر گزشتہ ماہ جنوری میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں عدنان صدیقی کو منفی کردار میں دکھایا گیا تھا۔

اداکار عدنان صدیقی کے منفی کردار پر مبنی مختصر فلم ’جامن کا درخت‘ نے دنیا کے سب سے بڑے فلم فیسٹول کانز میں ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

فلم کے ہدایت کار رافع راشدی نے انسٹاگرام پر اعلان کیا ہے کہ ’جامن کا درخت‘ نے ’بہترین سماجی انصاف پر مبنی مختصر فلم‘ کی کیٹگری کا ایوارڈ جیت لیا ہے، انہوں نے ساتھ ہی فلم کی کاسٹ کو بھی مبارک باد دی۔

کانز ورلڈ فلم فیسٹیول کا انعقاد فرانس میں ہوتا ہے، یہاں دنیا بھر کی فیچر اور مختصر فلموں سمیت ویب سیریز کی نمائش کی جاتی ہے۔

ماضی میں بھی کانز ورلڈ فلم فیسٹیول کے لیے پاکستانی مختصر اور فیچر فلمیں منتخب کی جاچکی ہیں اور کئی فلموں نے ایوارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔

جامن کا درخت’ کا ٹریلر گزشتہ ماہ جنوری میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں عدنان صدیقی کو منفی کردار میں دکھایا گیا تھا۔

ٹریلر میں انہیں شوبز اور فیشن انڈسٹری کا حصہ بننے والی خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑٓ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ٹریلر سے اگرچہ فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم ہدایت کار نے ٹریلر کو شیئر کرتے ہوئے پوسٹ میں بتایا کہ اس کی کہانی مرد اور خواتین کے درمیان تعلقات اور رضامندی کے گرد گھومتی ہے۔

مختصر ٹریلر میں عدنان صدیقی کے کردار کریم کو ایک طرف میڈیا انڈسٹری کے نامور شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے تو دوسری طرف اسے خواتین کا استحصال کرتے دکھایا گیا ہے۔

’جامن کا درخت‘ کا کہانی بی گل نے لکھی ہے اور فلم کو فیصل کپاڈیا نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ اسے ہدایت کار رافع راشدی کی پروڈکشن کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں۔

مختصر فلم ’جامن کا درخت‘ کانز ورلڈ فلم فیسٹیول کے لیے منتخب

’جوائے لینڈ‘ کانز فلم فیسٹول میں ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی فلم

ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان