پاکستان

سراج الحق کا ’انتخابی دھاندلی‘ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ سے کمیشن کے قیام کا مطالبہ

یہاں پہلے سے فیصلہ ہوتا ہے کہ کون سا صوبہ کس سیاسی جماعت کو دینا ہے، پارٹیوں کے اندر بھی جمہوریت موجود نہیں ہے، امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ سے کمیشن کے قیام کا مطالبہ کر دیا۔

اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام ’جمہوریت بچاؤ‘ کانفرنس سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ ملک میں نہ اس وقت معیشت ہے، نہ دفاع ہے، نہ ہی انصاف موجود ہے، 75 سالوں سے ایک دائرے میں سفر جاری ہے، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے، سپریم کورٹ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن تشکیل دے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں پہلے سے فیصلہ ہوتا ہے کہ کون سا صوبہ کس سیاسی جماعت کو دینا ہے، پارٹیوں کے اندر بھی جمہوریت موجود نہیں ہے۔

سراج الحق نے سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دینے کے لیے متناسب نمائندگی کے نظام کی بھی تجویز دی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد حسین سید نے خطاب میں کہا کہ یہ ایک منفرد الیکشن ہوا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اکثریت کے ساتھ آگے آئی ہے، یہ واحد الیکشن ہیں جس میں رہنماؤں نے کہا ہم ہار چکے ہیں۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ انتخابات سے پہلے اور بعد میں بدترین دھاندلی کی گئی ہے، عدلیہ سے انصاف کے منتظر ہیں۔

سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے قیادت کو تجویز دی کہ تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرکے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

کانفرنس کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات میں دھاندلی پر اپنی ناکامی تسلیم کرے اور چیف الیکشن کمشنر فی الفور استعفیٰ دے کر قوم کے سامنے معافی مانگیں۔