نصیر الدین شاہ کا پاکستان میں ’غیرقانونی طور پر‘ اپنی کتاب فروخت ہونے کا انکشاف
بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ نے حال ہی میں کہا ہے کہ ان کی 2014 میں شائع ہونے والی کتاب پاکستان میں غیر قانونی طور پر فروخت کی جا رہی ہے۔
نصیر الدین شاہ نے فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی رضامندی کے بغیر ان کی کتاب ’And then one day‘ کا اردو ترجمہ پاکستان میں فروخت کیا جارہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا اس اردو ترجمے والی کتاب سے تعلق نہیں ہے، اور وہ اس کتاب کی فروخت کو روکنے کے لیے قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
نصیر الدین شاہ نے کہا کہ وہ پاکستان میں بسنے والے اپنے دوستوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس کتاب کو نہ خریدیں۔
کتاب ’اینڈ دَن ون ڈے‘ میں نصیر الدین شاہ نے اپنی زندگی کی کہانی کو سادہ الفاظ میں بیان کیا ہے، ان کی یہ کتاب بارہ بنکی کے ایک مسلم خاندان میں پرورش پانے سے لے کر کامیاب اداکار بننے تک کے سفر کے دوران کہانیوں پر مبنی ہے۔