کھیل

یونائیٹڈ، گلیڈی ایٹرز میچ میں ڈی آر ایس تنازع، ہاک آئی نے معاملے کو انسانی غلطی قرار دے دیا

اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ میں اہم موقع پر لیے گئے ریویو میں رائلی روسو کو ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھویں میچ میں ڈی آر ایس ریویو میں میچ کے اہم موقع پر رائلی روسو کو ناٹ آؤٹ قرار دینے کے فیصلے کو انسانی غلطی قرار دے دیا گیا۔

پی ایس ایل میں جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں یہ تنازع 139 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 11ویں اوور میں پیش آیا۔

گلیڈی نے 4 وکٹ کے نقصان پر 82 رنز بنائے تھے کہ آغا سلمان کی گیند پر رائلی روسو نے سوئپ شاٹ کھیلا لیکن گیند سیدھی ان کے پیڈ پر لگی اور کپتان علیم ڈار نے انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا جس پر روسو نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا۔

تاہم گوکہ یہ بالکل سیدھی گیند پیڈ پر لگی تھی لیکن ریویو میں دکھایا گیا کہ گیند وکٹ پر پڑنے کے عبد حد سے زیادہ ٹرن ہوئی اور آف اسٹمپ سے باہر چلی گئی۔

اس موقع پر آغا سلمان کے ساتھ ساتھ امپائر علیم ڈار بھی فیصلے پر حیران دکھائی دیے جبکہ شاداب خان نے بھی اس پر برہمی کا اظہار کیا۔

اب ہاک آئی نے اسے سسٹم کے بجائے انسانی غلطی قرار دے دیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہاک آئی نے تسلیم کیاکہ سسٹم نے زیربحث ڈیلیوری کو درست طریقے سے ٹریک کیا تھا جس میں امپائر کی کال کے طور پرامپیکٹ اور وکٹ کو ہٹ کےطور پر دکھایا گیا تھا تاہم آپریٹر کی غلطی کی وجہ سے غلط بال ٹریکنگ ڈیٹا کو آن ایئر کردیا۔

واضح رہے کہ روسو کو آؤٹ نہ دینے کا فیصلہ میچ کا فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا کیونکہ وہ اننگز کے اختتام تک ناٹ آؤٹ رہے اور 34 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

دوسری جانب شاداب خان نے بھی اس فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنی ٹیم کی شکست کی وجہ قرار دیا۔

شاداب خان نے کہا تھا کہ میرے خیال سے ٹیکنالوجی نے غلطی کی، بال ٹریکنگ نے ایک مختلف گیند دکھائی اور یہ میچ فیصلہ کن موڑ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں اس طرح کی چیزیں حل ہونی چاہئیں، ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہئیں، میں نے بطور لیگ اسپنر یہاں چار اوورز کیے اور میرا نہیں خیال کہ یہاں گیند ٹرن کررہی تھی لیکن انہوں نے دکھایا کہ آغا سلمان کی گیند آف اسٹمپ پر پڑنے کے بعد باہر نکل گئی۔