پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب، نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے
پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس آج 10 بجے طلب کیا گیا ہے، اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے جس کے بعد نئے اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ وزیراعلیٰ کا انتخاب اگلہ مرحلہ ہوگا۔
ڈان نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کے حوالے سے تیاریاں شروع کردی ہیں، پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خاں کریں گے۔
پہلی بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والی مریم نواز (ن) لیگ اور اتحادی جماعتوں کی وزارت اعلیٰ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
ذرائع کے مطابق سینئر پی ٹی آئی رہنماؤں نے ان امیدواروں کو اجلاس کے دورانپنجاب اسمبلی کے باہر بھرپور احتجاج کرنے کی ہدایت کی ہے جن کے بارے میںان کا دعویٰ ہے کہ ان کے انتخابی نتائج میں دھاندلی کی گئی ہے ۔
سنی اتحاد کونسل کے نومنتخب ارکان نے نامزد وزیراعلیٰ میاں اسلم اقبال کی قیادت میں اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔
(ن) لیگ پنجاب اسمبلی کے پہلے اجلاس میں واضح اکثریت ثابت کرے گی
مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی کے پہلے اجلاس میں واضح اکثریت ثابت کرے گی، پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 137 اراکین کے ساتھ سب سے زیادہنشستیں رکھنے والی پارٹی ہے، جس کے بعد 23 آزاد اراکین پنجاب اسمبلی نے بھی (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کی۔
مسلم لیگ (ن) کے پنجاب اسمبلی میں نومنتخب اراکین کی تعداد 160 ہے جبکہ آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں۔
(ن) لیگ میں خواتین کی 36 اور اقلیتوں کی 5 مخصوص نشستیں بھی الاٹ کر دی گئی ہیں، مخصوص نشستوں کو ملا کر پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 201 اراکین کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
پنجاب اسمبلی میں سادہ اکثریت کے لیے 186 اراکین اسمبلی کی حمایت درکار ہوتی ہے۔
(ن) لیگ کو پنجاب میں پیپلزپارٹی کے 14، ق لیگ کے 10 اور آئی پی پی کے 6 اراکین کی حمایت بھی حاصل ہے، مسلم لیگ (ن) کو پنجاب اسمبلی میں مجموعی طور پر 230 ارکان کی اکثریت حاصل ہے۔
واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس ہفتے کے روز بلایا گیا ہے، خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ اب تک نہ ہوسکا۔
یاد رہے کہ ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی پہلی صوبائی اسمبلی ہے جس کا اجلاس ہو رہا ہے۔