کھیل

پی ایس ایل9: پشاور زلمی کو لگاتار دوسری شکست، کراچی کنگز 7 وکٹ سے کامیاب

بابر کے 72 رنز کے باوجود پشاور زلمی کی ٹیم 154 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پولارڈ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز نے باآسانی ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے کیرون پولارڈ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور کی ٹیم 19.5 اوورز میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پہلے اوور میں صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، محمد حارث 6 رنز، ٹام کوہلر کیڈمور 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پشاور کی جانب سے 51 گیندوں پر 72 رنز بنا کر بابر اعظم سب سے کامیاب بلے باز رہے، ان کی اننگ میں 7 چوکے ایک چھکا شامل تھا، رومین پاول 39 اور آصف علی 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکا۔

کراچی کنگز کے میر حمزہ اور حسن علی نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کےع لاوہ ڈینیئل سامس 2 اور شعیب ملک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

ہدف کے تعاقب میں کپتان شان مسعود صرف 12 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد اخلاق کا ساتھ دینے انگلینڈ کے جیمز ونس آئے۔

محمد اخلاق نے جارحانہ انداز اپنایا اور 13 گیندوں پر 24 رنز کی باری کھیلی لیکن اس سے قبل کہ وہ خطرناک ثابت ہوتے، لیوک وُڈ نے وکٹ کیپر کی مدد سے انہیں چلتا کردیا۔

اس کے بعد تجربہ کار شعیب ملک کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوںنے جیمز ونس کے ہمراہ 51 رنز جوڑ کر اسکور کو 91 رنز تک پہنچا دیا لیکن اسی مرحلے پر وقار سلام خیل کی خوبصورت گیند پر 29 رنز بنانے والے شعیب ملک اسٹمپ ہو گئے۔

جب تیسری وکٹ گری تو کراچی کنگز کو اگلی 47 گیندوں پر 8 رنز فی اوور سے زائد کی اوسط سے 64 رنز چاہیے تھے لیکن کیرون پولارڈ نے میدان میں آتے ہی میچ کا نقشہ بدل دیا۔

پولارڈ نے میدان میں آتے ہی وقار سلام خیل کو چھکا جڑا لیکن انہوں نے کھیل کا اصل پانسہ اگلے اوور میں پلٹا جب انہوں نے وقار کے ایک اوور میں تین چھکوں اور دو چوکوں سمیت 27 رنز بٹورے۔

اس کے بعد کراچی کنگز نے باآسانی 19 گیندوں قبل فتح حاصل کر لی۔

پولارڈ نے 21 گیندوں پر 4 چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے جبکہ جیمز ونس نے 30 گیندوں پر 38 رنز کی باری کھیلی۔

28 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے والے میر حمزہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پشاور زلمی کو اپنے پچھلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ کراچی کنگز کو ملتان سلطانز کے خلاف شکست کا سامنا تھا۔

پشاور زلمی:

صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، آصف علی، عامر جمال، لیوک ووڈ، محمد ذیشان، وقار سلام خیل، سلمان ارشاد

کراچی کنگز:

شان مسعود (کپتان)، محمد اخلاق (وکٹ کیپر)، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان نیازی، ڈینیئل سمس، حسن علی، میر حمزہ، تبریز شمسی

20فروری کو ملتان سلطانز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف فتح کے بعد پوائنٹس ٹیبل

آج پی ایس ایل کے 2 میچز کھیلے جائیں گے

پی ایس ایل میچز کے دوران فلسطین کے حق میں بینرز اور نعروں پر پابندی

پی ایس ایل9 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست، ملتان سلطانز کی لگاتار دوسری فتح