آصف زرداری کا بیٹے کو ’پرنس چارمنگ‘ کہنے پر بلاول کا ردعمل وائرل
وفاق میں حکومت بنانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران آصف علی زرداری کی اپنے بیٹے بلاول بھٹو کو ’پرنس چارمنگ‘ کہنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
20 اور 21 فروری کی درمیانی شب اسلام آباد میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران پیپلزپارٹی کے رہنما آصٖف زرداری اپنے بیٹے پیپلزپارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے درمیان بیٹھے تھے۔
اس دوران اپنی گفتگو کے آغاز کے دوران آصف زرداری نے بلاول بھٹو کے کاندھوں پر ہاتھ رکھ کر انہیں ’پرنس چارمنگ‘ کہا اور شہباز شریف کو ’میرا بھائی‘ کہہ کر مخاطب کیا۔
آصف زرداری کی جانب سے بیٹے کو پرنس چارمنگ کہنے پر بلاول بھٹو پہلے حیران ہوئے اور پھر مسکرا دیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور صارفین دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ ’بلاول کی اس مسکراہٹ کے پیچھے کے جذبات ہم سب جانتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاق میں مل کر حکومت سازی کا اعلان کرتے ہوئے شہباز شریف کو وزیر اعظم اور آصف علی زرداری کو صدر مملکت کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
اسلام آباد میں شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا تھا کہ مذاکرات کے لیے قائم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی کمیٹیوں نے بڑی محنت کے بعد اپنا کام مکمل کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اب آپ کو بتا سکتا ہوں کہ اب پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے نمبرز پورے ہو چکے ہیں اور ہم حکومت سازی پر عملدرآمد کریں گے، ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔