سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات: الیکشن کمیشن کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرلیں
سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کےانتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے اپنی تحقیقات مکمل کرلیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی کا آخری اجلاس آج ہوگا، کمیٹی سابق کمشنرراولپنڈی کےالزامات پر رپورٹ کو حتمی شکل دے گی، کمیٹی اپنی تحقیقاتی رپورٹ آج الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے تمام ڈی آر اوز اور متعلقہ آر اوز کے بیانات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں، مزید بتایا کہ ڈی آر اوز اور آر اوز نے سابق کمشنرراولپنڈی کے الزامات کو یکسر مسترد کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام 6 ڈی آر اوز کے تحریری بیانات قلم بند کیے، جبکہ راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے 13 اور صوبائی اسمبلی کے 26 آر اوز کے بیانات بھی قلم بند کیے گئے۔
سابق کمشنر کےالزامات کی پریس کانفرنس کےٹرانسکرپٹ بھی رپورٹ کاحصہ ہیں۔