پاکستان

پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کا مبینہ دھاندلی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ

جی ڈی اے کے صدرالدین شاہ راشدی سے پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ نے ملاقات کی، دونوں جماعتوں نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) اور پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے الیکشن کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام اور چیف الیکشن کمشنر سمیت ممبران الیکشن کمیشن سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں جی ڈی اے کے مرکزی رہنما صدرالدین شاہ راشدی سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ملاقات کی، ملاقات میں ڈاکٹر صفدر عباسی، سردار عبدالرحیم، نند کمار گوکلانی، علی پلھ اور آغا ارسلان نے بھی شرکت کی۔

ملاقات میں جی ڈی اے اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر یہ الیکشن کروائے گیے تھے لہٰذا سپریم کورٹ کے ماتحت بوگس الیکشن کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218/3 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بوگس الیکشن کروائے ہیں۔

اس موقع پر جی ڈی اے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے بتایا کہ ملاقات میں فراڈ الیکشن کے خلاف جاری احتجاجی تحریک سے متعلق غور کیا گیا اور پی ٹی آئی نے جی ڈی اے کے 20 فروری کو مورو کے دھرنے میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں فراڈ الیکشن کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا اور عوامی مینڈیٹ کی واپسی تک جدوجہد جاری رکھنے اور جلد مشترکہ اپوزیشن کا اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات میں حلیم عادل شیخ نے اپنی مرکزی قیادت کی طرف سے جی ڈی اے قیادت سے تشکر کا اظہار بھی کیا۔