لائف اسٹائل

فلم میں عامر خان کی بیٹی بننے والی اداکارہ چل بسیں

سہانی بھٹناگر نے عامر خان کی فلم دنگل میں ان کی کم سن بیٹی کا کردار ادا کیا تھا۔

بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک دنگل میں ان کی بیٹی کا کردار ادا کرنے والی بھارتی اداکارہ سہانی بھٹناگر محض 19 برس کی عمر میں چل بسیں۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق سہانی بھٹناکر کے انتقال کی خبر عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے دی گئی۔

اخبار کے مطابق نوجوان اداکارہ کی موت کے حوالے سے ایک ویب سائٹ نے بتایا کہ وہ ادویات کے شدید انفیکشن کے باعث ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے چل بسیں۔

رپورٹ کے مطابق سہانی بھٹناگر کو ٹانگ میں چوٹ لگی تھی، جس کے علاج کے دوران انہیں جو ادویات دی گئیں ان سے وہ خطرناک انفیکشن کا شکار ہوگئیں جو ان کی موت کا سبب بنا۔

ویب سائٹ این ڈی ٹی وی نے بھی سہانی بھٹناگر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے رپورٹ میں بتایا کہ اداکارہ خطرناک انفیکشن میں مبتلا ہونے کے بعد دوران علاج 16 فروری کو چل بسیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فوری طور پر ڈاکٹرز اور اداکارہ کے اہل خانہ نے ان کی موت کا واضح سبب نہیں بتایا، تاہم رپورٹس کے مطابق وہ ادویات کے بعد انفیکشن کا شکار ہوئیں، جس وجہ سے ان کی موت ہوگئی۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سہانی بھٹناگر کو علاج کے لیے دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (اے آئی آئی ایم ایس) میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ 16 اور 17 فروری کی درمیان شب انتقال کر گئیں۔

ان کے انتقال سے متعلق عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس کی انسٹاگرام اسٹوری میں ان کی موت کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ کس طرح ان کی موت ہوئی۔

بھارتی میڈیا میں شائع خبروں میں بھی اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ سہانی بھٹناگر کو ٹانگ میں کیا ہوا تھا اور انہیں کس طرح کی ادویات دی گئیں اور انہیں کس طرح کا انفیشکن ہوا؟

تاہم تمام میڈیا رپورٹس میں سہانی بھٹناگر کی موت کا سبب ادویات کا منفی اثر اور انفیکشن بتایا گیا۔

سہانی بھٹناگر نے عامر خان کی فلم دنگل میں ان کی کم سن بیٹی کا کردار ادا کیا تھا، انہوں نے ریسلر ببیتا کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا جو کہ فلم کا مرکزی کردار ادا تھا اور بالغ ببیتا کا کردار اداکارہ ثانیہ ملہوترا نے ادا کیا تھا۔

فلم دنگل کے علاوہ سہانی بھٹناگر متعدد اشتہارات میں بھی کام کر چکی تھیں، تاہم وہ کچھ عرصے سے شوبز سے دور تھیں اور اپنی تعلیم مکمل کرنے پر توجہ دے رہی تھیں۔

سہانی بھٹناگر کی اچانک موت پر جہاں عامر خان کی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے اظہار افسوس کیا گیا، وہیں دیگر شخصیات نے بھی اظہار افسوس کیا۔

دنگل 2 ہزار کروڑ روپے کمانے کے قریب

عامر خان کی دنگل کا چین میں ریکارڈ

دنگل سب سے زیادہ کمانے والی بولی وڈ فلم