پاکستان

مسلم لیگ (ن) کو پیپلز پارٹی کے بغیر وفاق میں حکومت نہیں بنانی چاہیے، لیگی رہنماؤں کی رائے

موجودہ معاشی صورتحال کے باعث تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر وفاق میں مشترکہ حکومت سازی پر اتفاق رائے قائم کیا جائے، پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے زیر صدارت جاتی امرا لاہور میں ہونے والے پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق اجلاس میں شہباز شریف، مریم نواز، اسحٰق ڈار اور مریم اورنگزیب سمیت اہم پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں شرکا کو وفاق و پنجاب میں حکومت سازی کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر شرکا نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اجلاس میں شرکا کی وفاق میں حکومت بنانے کے حوالے سے متضاد رائے سامنے آئی۔

اجلاس میں تجویز دی گئی کہ موجودہ حالات میں مسلم لیگ (ن) کو پیپلز پارٹی کے بغیر وفاق میں حکومت نہیں بنانی چاہیے، بلکہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو ملک کے خراب معاشی حالات بارے میں بریفنگ دی جائے۔

شرکا کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی صورتحال کے باعث تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر وفاق میں مشترکہ حکومت سازی پر اتفاق رائے قائم کیا جائے۔

اجلاس میں متضاد رائے کی بنا پر وفاق میں حکومت سازی پر حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔