امریکا کا پاکستان کے انتخابات پر لگنے والے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ
امریکا نے پاکستان بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کے انتخابات پر لگنے والے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
ترجمان کے مطابق صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا میں کہیں بھی ایسے الزامات کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے، اسی لیے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔
میتھیو ملر نے مخلوط حکومت کا قیام پاکستان کا اندرونی معاملہ قراردیتے ہوئے نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو عام انتخابات کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ق) اور دیگر اتحادی جماعتیں ساتھ چلنے اور مل کر حکومت بنانے کا کا اعلان کر چکی ہیں۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جماعت اسلامی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سمیت مختلف سیاسی جماعتیں انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرچکی ہیں۔