Live Election 2024

فیصلہ سازی کا اختیار نواز شریف کے پاس ہی رہے گا، خواجہ آصف

رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے بغیر بھی پارٹی سربراہ نواز شریف کے پاس فیصلہ سازی کا...

رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے بغیر بھی پارٹی سربراہ نواز شریف کے پاس فیصلہ سازی کا اختیار رہے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع نے کہا کہ یقیناً شہباز شریف کو نواز شریف کی حمایت حاصل ہے، قائد نواز شریف ہی ہیں، اگر وہ وزیراعظم نہ بھی بنیں تو ہر آخری فیصلہ اُن ہی کا ہوگا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں زیادہ تر عام انتخابات متنازع ہی رہے ہیں، اس کے باوجود معاملے آگے بڑھتے رہے، مجھے لگتا ہے کہ نظام کو درہم برہم نہیں کیا جانا چاہیے، ہمیں بھی ان انتخابات پر تحفظات ہیں، یہ نہیں کہا جاسکتا کہ انتخابات مکمل منصفانہ اور آزادانہ ہوئے۔

ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ یہ خطرہ ہمیشہ رہے گا کہ پیپلزپارٹی کبھی بھی حکومت کے قدموں تلے سے قالین کھینچ سکتی ہے، مسلم لیگ (ن) نے اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے بات چیت شروع کر دی ہے، ایک بار معیشت کو درست سمت پر لانے کی راہ مل جائے تو سیاسی استحکام کی راہ بھی ہموار ہوجائے گی۔