پاکستان

وزارت صحت نے ڈاکٹروں کو وٹامنز، فوڈ سپلیمنٹس تجویز کرنے سے روک دیا

وفاقی وزارت صحت نے وفاقی کابینہ کی ہدایت پر اس پابندی کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

وفاقی وزارت صحت نے ڈاکٹروں کو وٹامنز اور فوڈ سپلیمنٹس تجویز کرنے سے روک دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزارت صحت نے وفاقی کابینہ کی ہدایت پر اس پابندی کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اس فیصلے کا مقصد غیر ضروری طور پر فوڈ سپلیمنٹس اور ملٹی وٹامنز تجویز کرنے سے روکنا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز کو اوور دی کاؤنٹر مصنوعات نسخے میں لکھنے سے روک دیا گیا ہے، تاہم مریض فارماسسٹس کی مدد سے ملٹی وٹامنز اور فوڈ سپلیمنٹس حاصل کر سکیں گے۔

اوور دی کاؤنٹر سے وہ مصنوعات مراد ہیں جو ڈاکٹر یا صحت کے پیشہ ور کے نسخے کے بغیر صارف براہ راست خرید سکتا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق فیصلے پر عمل درآمد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کروائے گی اور ڈریپ بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گی۔

تمام صوبائی محکمہ صحت اور اسلام آباد کا محکمہ صحت بھی نوٹی فکیشن پر عمل درآمد کا پابند ہے۔