کراچی میں آج اور کل بوندا باندی، ہلکی بارش کا امکان
یو اے ای، سعودیہ سمیت مشرق وسطی کے دیگر ممالک میں شدید بارشوں ، ژالہ باری کا سبب بننے والا طاقتور مغربی سسٹم آج رات پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج سے 14 فروری تک کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے ، بوندا باندی اور ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔
’ڈان نیوز ’ کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات، سعودیہ، قطر سمیت مشرق وسطی کے دیگر ممالک میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کا سبب بننے والا طاقتور مغربی سسٹم آج رات پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ سسٹم کی بحیرہ عرب میں موجودگی سے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے، آج اور کل بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
موسمیاتی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارے نے مزید بتایا کہ سسٹم کے باعث بلوچستان کے ساحلی شہروں جیوانی، گوادر، اورماڑہ، تربت، پنجگور، بیلہ، اتھل اور اطراف میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔