پاکستان

وزارتِ عظمیٰ کیلئے کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا، مریم اورنگزیب

خواجہ آصف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جارہا ہے، اتحادی پارٹیوں سے مشاورت جاری ہے، ترجمان مسلم لیگ (ن)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے خواجہ آصف کی جانب سے شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کرنے کے فیصلے سے متعلق بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک وزارت عظمیٰ کے نام کا پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواجہ آصف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جارہا ہے، ابھی تک وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے نام کا پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، اس حوالے سے اتحادی پارٹیوں سے مشاورت جاری ہے۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ جو بھی فیصلہ کریں گے مشاورت سے کریں گے اور اعلان کریں گے، بات چیت اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے نجی نیوز چینل سما کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ نواز شریف پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نہیں ہوں گے، اس کی بجائے شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے لیے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہوں گے۔