لائف اسٹائل

بھارتی لیجنڈ متھن چکرورتی فالج کا شکار، ہسپتال میں داخل

اداکار اس وقت زیر علاج ہیں، وہ 'ڈسکو ڈانسر'، 'جنگ'، 'پریم پرتیگیا'، جیسی مشہور فلموں میں اپنے کرداروں کے لیے جانے جاتے ہے۔

سینئر اداکار اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما متھن چکرورتی فالج کا شکار ہوگئے جس کے بعد انہیں کولکتہ کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرلیا گیا۔

بھارتی رپورٹس کے مطابق اداکار کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ انہیں سینے میں بےچینی محسوس ہورہی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا، طبی ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ انہیں دماغ کے اسکیمک سیریبرووسکولر ایکسیڈنٹ (فالج) کی تشخیص ہوئی ہے۔

اداکار اس وقت کولکتہ کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت اب بہتر ہے، ان کے جسم کے نچلے حصے میں کمزوری ہے، انہیں کچھ روز بعد ڈسچارج کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ متھن چکرورتی 1976 سے بھارتی فلمی انڈسٹری کا حصہ ہیں، انہیں حال ہی میں بھارت کے اعلیٰ ایوارڈ پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔

متھن چکرورتی کی آخری فلم ’کابلی والا‘ تھی جو 2023 میں ریلیز ہوئی تھی۔

وہ ’ڈسکو ڈانسر‘، ’جنگ‘، ’پریم پرتیگیا‘، ’پیار جھکتا نہیں‘ جیسی مشہور فلموں میں اپنے کرداروں کے لیے جانا جاتا ہے۔

جولائی 2023 میں متھن کی والدہ کا انتقال ہوگیا تھا، جبکہ والد کا بھی اپریل 2020 میں 95 سال کی عمر میں گردے فیل ہونے کی وجہ سے انتقال ہو گیا تھا۔

متھن چکرورتی کے بیٹے پر اداکارہ کے ریپ کا الزام

سیاہ رنگت کی وجہ سے میری تضحیک کی گئی، بھارتی اداکار متھن چکرورتی