پاکستان

حافظ نعیم الرحمٰن کا سندھ اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا اعلان

ہمیں خیرات کی سیٹ نہیں چاہیے، میں اتنا ظرف رکھتا ہوں، میں وہ سیٹ نہیں لوں گا، ہمیں بس اپنا جائز حق چاہیے جو کہ نہیں ملا، امیر جماعت اسلامی کراچی

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ فارم 45 کے مطابق سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 129 پی ٹی آئی کےحمایت یافتہ آزاد امیدوار سیف باری نے جیتی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خیرات کی سیٹ نہیں چاہیے، میں اتنا ظرف رکھتا ہوں، میں وہ سیٹ نہیں لوں گا، ہمیں بس اپنا جائز حق چاہیے جو کہ نہیں ملا، ہمیں کوئی لولی پاپ نہیں چاہیے، مطالبہ کرتا ہوں کہ کراچی کے تمام نتائج کو کالعدم قرار دیے جائیں، ہم قانونی اور سیاسی جنگ لڑیں گے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جعلی مینڈیٹ پر جشن منانے والے ڈوب مریں، سپریم کورٹ کے ججز کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائے، کمیٹی انتخابی نتائج کا فرانزک آڈٹ کرے، فارم 45 کے مطابق نتائج دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ واضح طور پر کہتا ہوں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی، مصطفیٰ کمال سمیت ایم کیو ایم کے دیگر امیدواروں کو شکست ہوئی، ہم مطالبہ کرتے ہیں شفاف تحقیقات کرائی جائیں، پرامن جمہوری حق رکھتے ہیں، عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔