پاکستان

لاڑکانہ: مخالف کو ووٹ دینے پر فائرنگ، اے ایس آئی سمیت 3 افراد جاں بحق، ڈی ایس پی زخمی

فائرنگ کی زد میں آکر سندھ پولیس کا اے ایس آئی سلطان شاہ شہید جب کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس بشیر شر سمیت 2 اہلکار زخمی ہوئے۔

سندھ کے شہر لاڑکانہ میں سیاسی مخالفین کو ووٹ دینے کے تنازع پر 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ ڈی ایس پی سمیت 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق نوڈیرو چوک کے قریب ڈہانی اور چانڈیو برادری کے درمیان سیاسی مخالفین کو ووٹ دینے پر جھگڑا ہوا، جھگڑے میں ڈنڈوں کے وار اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد حسن چانڈیو اور عمران ڈہانی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

فائرنگ کی زد میں آکر سندھ پولیس کا اے ایس آئی سلطان شاہ شہید ہوگیا جب کہ فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) بشیر شر اور ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔

علاقے میں کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کےلیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

ادھر نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے فائرنگ کے دوراں ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

آئی جی پولس نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ لاڑکانہ کے علاقے نئودیرو بائی پاس کے قریب دو گروپوں کے درمیان فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں تھانہ ماہوٹا کے پولیس اہلکار اے ایس آئی سلطان شاہ فائرنگ کی زد میں آکر شہید ہوئے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلع لاڑکانہ میں فائرنگ واقعہ میں پولیس اے ایس آئی سمیت شہریوں کی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس اے ایس آئی کے لواحقین سے دلی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کا ضلع خیبرمیں آپریشن، داعش کا دہشت گرد ہلاک

عریشہ رضی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، ’چھمک چھلو‘ پر رقص کی ویڈیو وائرل

پی ایس ایل میں اوپننگ ہی کرنا چاہوں گا، قومی ٹیم کا معاملہ الگ ہے، فخر زمان