پاکستان

نواز شریف کی جیت پر حامد میر کی ویڈیو وائرل

وائرل ویڈیو میں حامد میر جواب دیتے ہیں کہ لوگ کہ رہے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کو 8 فروری کے بجائے 9 فروری کو زیادہ ووٹ پڑے ہیں۔

معروف اینکر اور صحافی حامد میر کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل) ن کے قائد نواز شریف کی جیت پر الیکشن نشریات کے دوران کہی گئی بات کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر وہ ٹوئٹر پر ٹرینڈنگ بھی کرنے لگے۔

حامد میر نے جیو کی الیکشن نشریات کے دوران ساتھی میزبان سہیل وڑائچ کے سوال پر نواز شریف کی جیت پر بات کی اور ان کی کہی گئی بات کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔

وائرل کلپ میں سہیل ڑائچ پوچھتے ہیں کہ نواز شریف نے انتخابات کے بعد وکٹری اسپیچ کیوں کینسل کی ہوگی؟ جس پر حامد میر انہیں جواب دیتے ہیں کہ کل ان کا خیال تھا کہ وہ ہار گئے ہیں۔

حامد میر کے جواب پر نشریات میں موجود ایک اور اینکر ان سے سوال کرتے ہیں کہ کیا آج نواز شریف کا خیال ہے کہ وہ جیت گئے ہیں؟

اس پر حامد میر جواب دیتے ہیں کہ ان کے لوگ کہ رہے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کو 8 فروری کے بجائے 9 فروری کو زیادہ ووٹ پڑے ہیں۔

حامد میر کے اسی جواب پر الیکشن سیل کی نشریات میں موجود تمام اینکر ہنس پڑتے ہیں اور ان کی مذکورہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے دلچسپ کمنٹس کیے۔