لاہور: این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا
لاہور کے حلقہ این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
آزاد امیدوار اشتیاق چوہدری نے اپنی درخواست میں ریٹرننگ افسر، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے، ساتھ ہی مؤقف اپنایا گیا ہے کہ فارم 45 کے نتائج ہمارے پاس موجود ہیں، نواز شریف فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، انہوں نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو کامیاب قرار دیا گیا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے اور الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنے کا حکم دے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت دوبارہ گنتی کا حکم دے اور فارم 47 کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔
واضح رہے کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 پر مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف 171024 ووٹوں کے ساتھ کامیاب قرار پائے تھے جبکہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد 115043 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔