پاکستان

مخالف امیدوار کی فتح پر مبارکباد اور شکست تسلیم کرنے پر خواجہ سعد رفیق کی تعریفیں

لاہور کے حلقہ این اے 122 میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کو سردار لطیف کھوسہ نے بڑے مارجن سے شکست دی۔

لاہور کے حلقہ این اے 122 میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو سردار لطیف کھوسہ نے بڑے مارجن سے شکست دے دی جس پر لیگی رہنما نے مخالف فاتح آزاد امیدوار کو مبارکباد دی۔

این اے 122 سے آزاد امیدوار سردار لطیف کھوسہ ایک لاکھ 17 ہزار 109 لیکر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ سعد رفیق 77 ہزار 907 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

غیر سرکاری، غیر حتمی نتائج سامنے آتے ہی سعدرفیق نے لطیف کھوسہ کو مبارکباد دی۔

سوشل میڈیا پلیٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ سردارلطیف کھوسہ صاحب کو دلی مبارکباد دی، عوامی فیصلے پر خوش دلی سے سر تسلیم خم کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اللّہ آنیوالی پارلیمان کومتحد ہوکرقومی بحرانوں پرقابوپانےکی توفیق دے۔

سعد رفیق کی جانب سے کھلے دل سے فیصلے کو تسلیم کرنے اور مخالف امیدوار کو مبارک دینے پر دیگر سیاسی جماعت کے رہنما بھی ان لیگی رہنما کی تعریف کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی کی سابق سیاسی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے خواجہ سعد کی جانب سے شکست تسلیم کرنے اور ’جمہوری عمل کے نتائج کو قبول‘ کرنے پر انہیں سراہا۔

پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی خواجہ سعد کے اس عمل کو سراہا گیا اور طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’امید ہے ان کے لیڈر بھی لیگی رہنما کے اس عمل کو فالو کریں گے‘۔

اداکار عدنان صدیقی نے سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ ’ایک عظیم رہنما ہونے کا مطلب ہے فتح اور شکست دونوں کو عاجزی کے ساتھ قبول کرنا۔‘

دیگر صحافیوں کی جانب سے بھی خواجہ سعد رفیق کی جانب شکست تسلیم کرنے اور مخالف امیدوار کو مبارک باد دینے پر سراہا گیا۔

حامد میر، عاصمہ شیرازی اور دیگر نے بھی خواجہ سعد کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی تعریف کی۔

صحافی مہر بخاری نے کہا کہ عوام کے دیے گے مینڈیٹ کا احترام پورے ملک میں کیا جانا چاہے