پاکستان

حتمی نتائج موصول ہوتے ہی نواز شریف وکٹری اسپیچ کریں گے، مریم نواز

گزشتہ رات میڈیا کے ایک سیکشن کی جانب سے جان بوجھ کر بنائے گئے غلط تاثر کے برخلاف ہماری جماعت مرکز ، پنجاب میں واحد سب سے بڑی جماعت بنی ہے، رہنما مسلم لیگ (ن)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ حتمی نتائج موصول ہوتے ہی نواز شریف وکٹری اسپیچ کریں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن ) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ کل رات میڈیا کے ایک حصے کی طرف سے جان بوجھ کر بنائے گئے غلط تاثر کے برخلاف ہماری جماعت مرکز اور پنجاب میں واحد سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کچھ نتائج کا انتظار ہے، حتمی نتائج موصول ہوتے ہی میاں محمد نواز شریف وکٹری اسپیچ کے لیے مسلم لیگ (ن) کے ہیڈ کوارٹر روانہں ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن ) کے الیکشن سیل کے انچارچ سینیٹر اسحٰق ڈار نے کہا کہ سامنے آنے والے انتخابی نتائج اور مسلم لیگ (ن) کے الیکشن سیل کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت اور پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت والی جماعت کے طور پر سامنے آرہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبل از وقت اور متعصبانہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے جب کہ ہم الیکشن کمیشن کے مکمل سرکاری نتائج کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 17 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، پاکستان پیپلز پارٹی 15 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شام 5 بجے پولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد تقریبا 20 گھنٹے کے بعد بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے صرف کچھ ہی نتائج کا اعلان کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے مخلتف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جب کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے نتائج جلد جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔