پاکستان

الیکشن ڈیوٹی: کراچی کا عباسی شہید ہسپتال عملہ نہ ہونے کے باعث بند

گورنر سندھ نے ہسپتال بند ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ایمرجنسی فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

کراچی کا تیسرا بڑا ہسپتال عباسی شہید الیکشن ڈیوٹی کی وجہ سے عملہ نہ ہونے کے باعث بند کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایم ایس عباسی شہید ہسپتال ڈاکٹر نسیم احمد نے محکمہ صحت کو مطلع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عملے کے 750 سے زائد افراد بشمول ایم ایس الیکشن ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز، آئی سی یو کنسلٹنٹ کے علاوہ او ٹی ٹیکنیشن بھی الیکشن ڈیوٹی انجام دیں گے۔

ڈاکٹر نسیم احمد کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کوئی اسٹاف نہیں اور ہسپتال کا نظام چلانا ناممکن ہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ہسپتال بند ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو معاملے کی تحقیقات کرنے اور نگران وزیر صحت سندھ کو تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسی کو فعال رکھنے کی ہدایت کردی۔