پاکستان

حکومت بلوچستان کا صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان

پشین، قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کا مقصد الیکشن سبوتاژ کرنا ہے، انتخابات کل ہی ہوں گے، دھماکوں میں وہی دہشتگرد ملوث ہیں جو مچھ واقعے میں ملوث تھے، جان اچکزئی

نگران حکومت بلوچستان نے پشین اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کے بعد صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات و نشریات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ یہ وہی دہشتگرد ہیں جو مچھ واقعے میں ملوث تھے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ہر صورت میں کل ہی ہوں گے، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ آج کے واقعات کا مقصد الیکشن سبوتاژ کرنا ہے، دہشت گردوں کے منصوبے نیست و نابود کریں گے۔

جان اچکزئی نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات افسوسناک ہیں، دہشتگرد الیکشن کے عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں لیکن عوام ضرور گھروں سے باہر نکلیں اور دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائیں۔

واضح رہے کہ آج دوپہر میں بلوچستان کے ضلع پشین اور قلعہ سیف اللہ میں بم دھماکے ہوئے، پشین کے علاقے خانوزئی میں آزاد امیدوار کے انتخابی دفتر پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 30 دیگر زخمی ہوگئے۔

قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام-فضل الرحمٰن (جے یو آئی-ف) کے انتخابی دفترکے باہر دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔

انڈر19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست، بھارت کامیاب

سال 2024ء کے اہم انتخابات جو عالمی منظرنامہ تشکیل دیں گے

غلط بیانی کرکے آئٹم سانگ کروایا گیا، کبریٰ خان