پاکستان

بلوچستان: اے این پی، پیپلز پارٹی میں 2 قومی، 3 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ

عوامی نیشنل پارٹی نے پی بی 45 سے اپنے امیدوار کو پیپلزپارٹی کے حق میں دستبردار کردیا ہے، پی بی 50 اور پی بی 51 پر پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار دستبردار کیے ہیں، رہنما پیپلز پارٹی

عوامی نیشنل پارٹی (اےاین پی) اور پیپلز پارٹی کے درمیان بلوچستان کی 2 قومی اور 3 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق کوئٹہ میں پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر ثنا اللہ کاکڑ اور اے این پی کے صوبائی صدر اصغر اچکزئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اعلان کیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما ثنا اللہ کا کڑ کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے پی بی 45 سے اپنے امیدوار کو پیپلزپارٹی کے حق میں دستبردار کردیا ہے، این اے 264 پر بھی اے این پی پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ این اے 263 سے اے این پی کے اصغر اچکزئی پیپلز پارٹی کے روزی خان کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں جبکہ چمن کی صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں پرپیپلز پارٹی کے امیدوار اے این پی کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔

ثنا اللہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ پی بی 50 اور پی بی 51 پر پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار دستبردار کیے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر ہم کامیابی ہوئے تو اے این پی کے ساتھ مل کر چلیں گے۔