پاکستان

سندھ کے مختلف شہروں میں الیکشن ڈیوٹی نا کرنے والے سرکاری ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری

جو ملازمین الیکشن ڈیوٹی پر نہیں آتے ہیں انہیں گرفتار کرکے آر او آفس میں پیش کیا جائے، ریٹرننگ افسر

سندھ کے مختلف شہروں میں الیکشن ڈیوٹی نا کرنے والے سرکاری ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق مٹیاری میں 10 سرکاری ملازمین کے وارنٹ گرفتاری ریٹرننگ افسر نے دیے، اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ریٹرننگ افسر نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کو ملازمین کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ مذکورہ سرکاری ملازمین نے الیکشن کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے سے انکار کیا تھا۔

اس کے علاوہ سجاول میں بھی الیکشن ڈیوٹی نا کرنے والے اسسٹنٹ پریزایڈنگ افسر کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے ہیں، ڈاکٹر کوملیش کمار کے وارنٹ گرفتاری ریٹرننگ افسر پی ایس 74 سجاول غفور نے جاری کیے۔

علاوہ ازیں سیہون میں بھی الیکشن میں ڈیوٹی نا کرنے والے 134 سرکاری ملازمین کی وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے ہیں، سیہون کے ریٹرننگ افسر (آر او) نے ہدایات دی ہیں کہ جو ملازمین الیکشن ڈیوٹی پر نہیں آتے ہیں انہیں گرفتار کرکے آر او آفس میں پیش کیا جائے۔