پاکستان

پولنگ کے دن موبائل، انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی ہدایت نہیں دی گئی، مرتضیٰ سولنگی

نگران حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنارہی ہے، عوام 8 فروری کو ووٹ کا جمہوری حق سوچ سمجھ کر استعمال کریں، نگران وزیر اطلاعات ونشریات

نگران وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ جمعرات کو ووٹ کا اپنا جمہوری حق سوچ سمجھ کر استعمال کریں، پولنگ کے دن موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی ابھی تک کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ لوگوں کا ووٹ ڈالنا ان کی حب الوطنی اور ملک میں جمہوریت کے تسلسل کے ان کے عزم کا عکاس ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پولنگ کے روز موبائل یاانٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے بارے میں حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔

مرتضیٰ سولنگی نے اس امر کا اعادہ کیاکہ نگران حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنارہی ہے اورسرکاری میڈیا تمام جماعتوں کو مناسب کوریج دے رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر انتخابات کے روز ملک میں کہیں بھی امن وامان کی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو مقامی انتظامیہ قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔

پولیس کو پی ٹی آئی امیدواروں، کارکنوں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

والدین خود اپنی اولاد کو طلاق کا مشورہ دیتے ہیں، جگن کاظم

دوسرے ٹیسٹ میں بھارت کے ہاتھوں انگلینڈ کو شکست