پاکستان

8 فروری کے بعد ہم کراچی چلائیں گے تو پاکستان چلے گا، خالد مقبول صدیقی

پچھلی بار کراچی کا مینڈیٹ چرا کر مسلط کردیا گیا تھا، اب ہمارا ووٹ ڈلے گا بھی اور گنا بھی جائے گا، کنوینر ایم کیو ایم پاکستان

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پ) کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 8 فروری کے بعد ہم کراچی چلائیں گے تو پاکستان چلے گا۔

کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں عوامی رابطہ مہم سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ لائنز ایریا جاگیرداروں کا نہیں شہدا کا علاقہ ہے، کراچی چلتا ہے تو یہ ملک پلتا ہے، اب ہمارا ووٹ ڈلے گا بھی اور گنا بھی جائے گا جبکہ اب باری ہے پاکستان کراچی سے محبت کرے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی بار کراچی کا مینڈیٹ چرا کر مسلط کردیا گیا تھا، اب لائنز ایریا دیکھے گا کہ کشکول لیے آپ کے سامنے وزیراعظم کے امیدوار آپ کے سامنے ہوں گے، دوسری جانب وزیر اعلیٰ بھی ہمارے ووٹ کے لیے کھڑے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے الیکشن میں ہمارے 5 ایم این اے حکومت بنا رہے تھے اور ختم بھی کر رہے تھے کیونکہ جب حقوق کی بات ہوتی ہے تو ہم پارلیمنٹ سے باہر آجاتے ہیں۔

خالد مقبول نے کہا کہ 8 فروری کے بعد ہم کراچی چلائیں گے تو پاکستان چلے گا۔