دنیا

پاک بحریہ و میری ٹائم سیکیورٹی نے بحیرہ عرب میں پھنسے 9 بھارتی شہریوں کی جان بچالی

سمندر میں پھنسی 'ساس فائیو' نامی کشتی کی کال موصول ہوئی، جس کا انجن فنی خرابی کے باعث بند ہو گیا تھا، ترجمان پاک بحریہ

پاک بحریہ اور میری ٹائم سیکیورٹی نے بروقت امدادی کارروائی کرکے بحیرہ عرب میں پھنسے 9 بھارتی شہریوں کی جان بچالی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کو سمندر میں پھنسی ’ساس فائیو‘ نامی کشتی کی کال موصول ہوئی، جس کا انجن فنی خرابی کے باعث بند ہو گیا تھا۔

کشتی میں 9 بھارتی شہری گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے سمندر میں پھنسے ہوئے تھے۔

اطلاع ملنے پر پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کشتی کی سرچ اینڈ ریسکیو کے لیے لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ اور پی ایم ایس ایس کشمیر کو مامور کیا۔

پی ایم ایس ایس کشمیر نے مصیبت زدہ کشتی کو تلاش کر کے تکنیکی مسئلہ دور کیا اور عملے کو طبی امداد فراہم کی۔

فنی خرابی دور ہونے کے بعد کشتی اپنی منزل کی جانب گامزن ہوگئی جو 4 فروری کو بھارتی بندرگاہ دابھول سے شارجہ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو کشتی کے عملے نے سراہا۔