پاکستان

کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی اطلاعات درست نہیں، ترجمان

جناح انٹرنیشنل پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے اور ایئرپورٹ پر لینڈنگ میں معاونت فراہم کرنے والے تمام الات معمول کے مطابق کام کررہے ہیں، بیان

کراچی ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے بارش کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی اطلاعات کو غلط قرار دے دیا ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کا نظام درہم برہم ہو گیا اور لوگ گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے اور اسی دوران ایئرپورٹ پہنچنے والوں کو بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

اس دوران سوشل میڈیا پر کراچی ایئرپورٹ فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی بھی افواہیں گردش کرنے لگیں تاہم اب ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایسی اطلاعات کو مسترد کردیا ہے۔

ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق بارش کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی اطلاعات درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جناح انٹرنیشنل پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے اور ایئرپورٹ پر لینڈنگ میں معاونت فراہم کرنے والے تمام الات معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خراب موسم جیسے دھند، برفباری اور بارش وغیرہ میں پائلٹس ایئرلائن ہدایات کی روشنی میں حتمی فیصلہ کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ کی عمارت میں کچھ جگہوں پر پانی رسنے کی رپورٹس کو دیکھا جارہا ہے۔