پاکستان

کراچی: بارش کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی

فیکٹری ورکر کی بلدیہ 2 میں پھسل کر نالے میں گرنے اور لائنز ایریا میں نوجوان کی کرنٹ لگنے سے موت واقع ہوئی۔

پولیس اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں ہفتہ کی رات سے بارش سے متعلقہ واقعات میں 2 افراد ہلاک جبکہ دو خواتین سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔

سائٹ بی پولیس کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) محمد مسعود نے بتایا کہ فیکٹری ورکر سید فخر عالم ہفتے کی رات بلدیہ 2 میں بارش کے پانی سے بھرے نالے میں گرنے سے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جن کی لاش اتوار کی صبح نکال لی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شخص اپنی فیکٹری ’علی انٹرپرائزز‘ سے نکلا تھا اور بلدیہ ٹاؤن میں واقع اپنے گھر جارہا تھا کہ راستے میں پھسل کر نالے میں گر گیا۔ ان کی لاش جائے وقوع سے کچھ ہی فاصلے سے ملی۔ متوفی پانچ بچوں کا باپ تھا۔

ایک اور واقعے میں لائنز ایریا میں ہفتہ کو رات گئے ایک نوجوان کی کرنٹ لگنے سے موت ہوگئی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ 19 سالہ دلاور احسن کی موت اس وقت ہوئی جب اسے جٹ لائن میں ایک بیکری کے قریب کرنٹ لگا۔ لاش کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے بتایا کہ اتوار کی شام منگھوپیر سے بارش سے موت کی اطلاع ملی۔ انہوں نے بتایا کہ 32 سالہ بشیر خان ڈوب کر جاں بحق ہوئے جن کی لاش عباسی شہید ہسپتال لائی گئی لیکن رشتہ دار بغیر پوسٹ مارٹم کے لے گئے۔

منگھوپیر پولیس افسر ریاض نے بتایا کہ متوفی مرگی کے مرض میں مبتلا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شخص منگھوپیر میں گورنمنٹ ڈگری کالج میں بارش کے جمع پانی میں گر گیا تھا اور ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

شرافی گوٹھ پولیس کا کہنا ہے کہ معین آباد 2 میں مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ تیز بارش کے باعث عزیزہ مسجد کے قریب چھت گر گئی اور دو خواتین اس کے ملبے تلے دب گئیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی خواتین کو جناح ہسپتال منتقل کیا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بارش سے متعلقہ ایک اور واقعے میں کشمیر روڈ پر پاک ۔ چین پارک کی دیوار گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت 46 سالہ جنید اور 35 سالہ وسیم کے نام سے ہوئی۔ دونوں زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سولجر بازار پولیس کے ایس ایچ او شہزاد الیاس نے بتایا کہ سولجر بازار میں تندور کی دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔