پاکستان

ہم عوام کو پاکستان میں کمانے کے مواقع فراہم کریں گے، آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ غریبوں کے دل کی آواز سمجھتی ہے، جب میں اقتدار میں تھا، اس کے مقابلے میں آج غربت دوگنی ہو گئی ہے، تلہ گنگ میں خطاب

سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مجھے معلوم کہ غربت کا کیا عالم ہے، ہم آپ کو خوشحال بنانے کے لیے کام کریں گے اور آپ کو پاکستان میں کمانے کے مواقع دیں گے۔

تلہ گنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ غریبوں کے دل کی آواز سمجھتی ہے اور یہی محسوس کرتے ہوئے ہم نے بی بی صاحبہ کے نام سے ایک کارڈ جاری کیا جو عورتوں کو ان کا حق دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سے کسی نے اس کارڈ کی مانگ نہیں کی تھی لیکن مجھے معلوم ہے کہ غریبوں عورتوں کی کیا حالت ہے، آج بھی مجھے معلوم کہ غربت کا کیا عالم ہے کیونکہ جب میں اقتدار میں تھا، اس کے مقابلے میں آج غربت دوگنی ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے 100 فیصد تنخواہیں بڑھائیں، لوگوں کی خدمت کی لیکن آج یہ حال ہے کہ قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، یہ اسی طرح حکومت چلاتے ہیں، یہ آپ کی فصل کو اہمیت نہیں دیتے، اگر میں آپ کی فصلوں کا پیسہ دوں گا تو آپ خوشحال ہوں گے۔

سابق صدر مملکت نے کہا کہ خوشحالی آتی ہی اسی وقت ہے جب آس پاس امیر اور بہتر ہوں، یہ نہیں کہ صرف دبئی چلو اور وہاں سے کما کر آؤ بلکہ پاکستان میں کماؤ اور ہم آپ کو پاکستان میں کمانے کے مواقع دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ سے دوبارہ ملوں گا اور جو وقت نے آپ سے زیادتیاں کی ہیں، جن لوگوں نے علاقے کے لوگوں کے ساتھ زیادتیاں کی ہیں وہ سب زیادتیاں ختم کریں گے۔

تلہ گنگ کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے مزید کہا کہ مجھے پتا ہے کہ یہاں پانی کی ضرورت ہے، یہاں انفرا اسٹرکچر کی ضرورت ہے، یہاں کمشنر ور ڈپٹی کمشنر کا دفتر ہونا چاہیے اور ہم آپ کو یہ سب کر کے دیں گے۔