لائف اسٹائل

کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے، اے بی ڈویلیئرز کا دعویٰ

ویرات فیملی کیساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں، اس کے لیے آپ ان پر تنقید نہیں کرسکتے، سابق جنوبی افریقی کھلاڑی

جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر اے بی ڈویلیئرز نے بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں عدم دستیابی کی وجہ بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے اور بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں عدم دستیابی کے حوالے سے کئی میڈیا رپورٹس سامنے آئی تھیں، ان رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ کوہلی ان دنوں بھارت میں موجود نہیں ہیں اس لیے وہ ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

اسی حوالے سے جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز نے اپنے یوٹیوب اکاؤنٹ پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران مداح کے ایک سوال پر دعویٰ کرتے ہوئے ویرات کوہلی کی عدم دستیابی کی وجہ بتادی۔

انہوں نے بتایا کہ ویرات کوہلی اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچز نہیں کھیل سکے، میں کسی اور چیز کی تصدیق نہیں کروں گا، البتہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

انہوں نے مزید وضاحت دیتے ہوئے اپنے اور ویرات کوہلی کے درمیان ہونے والی فون پر گفتگو ٹیسٹ میسجز کے ذریعے گفتگو بھی پڑھی، اس دوران انہوں نے تصدیق کی کہ سابق بھارتی کپتان اور ان کی اہلیہ کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

اے بی ڈویلیئرز نے ویرات کوہلی کے ساتھ ہونے والی فون پر کی گئی ٹیکسٹ چیٹ پڑھتے ہوئے کہا کہ بھارتی بلے باز نے انہیں بتایا کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

جنوبی افریقی سابق کھلاڑی نے مزید کہا کہ ’ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے، یہ ان کا فیملی ٹائم ہے اور یہ چیزیں ان کے لیے اہم ہیں، اگر آپ اپنے آپ کے ساتھ سچے اور ایماندار نہیں ہیں، تو آپ اپنا ٹریک کھو دیں گے، میرے خیال میں زیادہ تر لوگوں کی ترجیح فیملی ہے، اس کے لیے آپ ویرات پر تنقید نہیں کرسکتے۔‘

یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے دسمبر 2017 میں اٹلی میں شادی کی تھی، دونوں کے ہاں شادی کے 4 سال بعد جنوری 2021 میں پہلی بیٹی وامیکا کی پیدائش ہوئی تھی۔

دونوں نے اپنے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش کا اعلان بھی بچے کی پیدائش سے چند ماہ قبل کیا تھا اور اس بار بھی انہوں نے تاحال اپنے ہاں دوسرے بچے کی متوقع پیدائش کا اعلان نہیں کیا۔

تاہم بھارتی رپورٹس میں آئے دن دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ اداکارہ انوشکا شرما نے فوٹوگرافرز سے وعدہ کیا کہ وہ جلد ہی اپنے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کا باضابطہ اعلان کریں گی، اس لیے ان کی تصاویر شائع نہ کی جائیں۔

انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع

کوہلی کے ہاں پہلے بچے کی آمد متوقع، آسٹریلیا کے خلاف 3 میچز کی چھٹی منظور

مداحوں نے امریکی بچی کو ویرات و انوشکا کی بیٹی بنادیا