پاکستان

سوات: سیاحتی مقام کالام اور مالم جبہ میں برفباری شروع

قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ برف باری کو انجوائے کرنے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد نے سوات کا رخ کرلیا۔

وادی سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ اور کالام میں برفباری سے وادی کے حسن کو چار چاند لگ گئے، برفباری کا لطف اٹھانے کیلئے سیاح پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

متعدد خوبصورت علاقوں پر مشتمل وادی سوات ہر سال سردیوں کے موسم میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی جانب کھینچتی ہے، اس موقع پر سیاح قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ برف باری کو انجوائے کرتے ہیں۔

مالم جبہ سطح سمندر سے 9 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے اورسردیوں کے موسم میں یہ علاقہ سفید رنگ کی چادر اوڑھ لیتا ہے۔

موسم سرما میں سیاح پہاڑی علاقے کا دورہ کرکے سوات کا سبزہ، جنگل، دریا اور جھیلوں کا منظر دیکھنے آتے ہیں تاہم جب موسم سرد ہوتا ہے کہ وادی سفید چادر اوڑھ لیتی ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کو مختلف قسم کے ایڈونچر کرنے کے مواقع ملتے ہیں۔

اس سرد موسم میں بھی سیاحوں کی بڑی تعداد نے منظر کو دیکھنے کے لیے وادی کا رخ کیا ہے۔

دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں پھر سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، برفباری سے مری میں درجہ حرارت منفی 5 تک گرگیا، مری میں شدید سردی سے چھتوں پر جمع پانی جم گیا۔

اس کےعلاوہ زیارت شہر اور قریبی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مسلسل برفباری سے پہاڑوں، درختوں اور سڑکوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ میں ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب اس دوران خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ کے بالائی علاقوں میں دھند میں وقت کے ساتھ کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

برف کی سفید چادر اوڑھے وادی سوات سیاحوں کی توجہ کا مرکز

سوات: برف باری میں سیاحوں کا انتخاب

خاتون کے بیگ سے 3 کروڑ سے زائد مالیت کے 130 زہریلے مینڈک برآمد