پاکستان

کوئٹہ: سیاسی جماعت کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملہ، ایک شخص زخمی

بلوچستان کے دارالحکومت کے نواحی علاقہ ملاخیل آباد میں انتخابی دفتر پر دستی بم حملے کے باعث ہونے والے شہری کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

کوئٹہ میں سیاسی جماعت کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

’ڈان نیوز ’ کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کے نواحی علاقہ ملاخیل آباد میں سیاسی جماعت مظلوم اولسی تحریک کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمی شخص کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دستی بم حملے کے بعد بلوچستان پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کم از کم 10 دھماکے اور دستی بم حملے ہوئے تھے۔

ان دھماکوں میں سے ایک کوئٹہ میں سی پیک روڈ پر ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس آپریشنز جواد طارق نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ دھماکہ خیز مواد سڑک کے درمیان فٹ پاتھ پر نصب کیا گیا تھا دھماکے بجلی کے ٹاور کو بھی نقصان پہنچا، ان کا مزید کہنا تھا کہ چیکنگ سمیت دیگر حفاظتی انتظامات کیے جارہے ہیں، دھماکے سے متعلق فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔

ایس ایس پی آپریشن جواد طارق نے ڈان ڈاٹ کام کو ہونے والے ایک علیحدہ واقعے کے بارے میں بتایا تھا کہ رات گئے نامعلوم افراد نے کوئٹہ کے شالکوٹ تھانے پربھی دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے، دستی بم تھانے کے اندر گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور اسپلنٹر لگنے سےاسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) رضا محمد معمولی زخمی ہوگئے تھے جنہیں طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ضلع کیچ ضیا مندوخیل کا کہنا تھا کہ تربت بازار میں بھی ایک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا ہے جنہیں سول ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے فرد کی حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کررہے ہیں تاہم دھماکے کی نوعیت سے متعلق بتانا قبل از وقت ہوگا۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں بھی شرپسندوں کی جانب سے دستی حملہ ہوا، ایس ایس پی جعفر آباد فریال فرید نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ پر کھڑی ایک ٹرک پر دستی بم پھینکا جو روڈ کنارے گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد معمولی زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سول ہسپتال ڈیرہ اللہ یار منتقل کردیا گیا ہے۔

کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع پلازہ میں آتشزدگی

ڈیوس کپ: پاکستان 60 سال میں پہلی بار بھارتی ٹینس ٹیم کی میزبانی کرے گا

پیسوں کی خاطر کینیڈا سے پاکستان آیا، تابش ہاشمی