Live Election 2024

راولپنڈی: جے یو آئی (ف) کا این اے 53 پر چوہدری نثار کی حمایت کا اعلان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) نے راولپنڈی کے حلقے این اے 53 میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی حمایت کا...

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) نے راولپنڈی کے حلقے این اے 53 میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی حمایت کا اعلان کردیا، اور اس کے بدلے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 19 پر ان کی سپورٹ حاصل کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کا اعلان جے یو آئی (ف) کے ضلعی امیر ڈاکٹر ضیا الرحمٰن نے جامعہ اسلامیہ مسجد کامران مارکیٹ صدر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

تاہم، ماضی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور 2008 سے 2013 تک قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رہنے والے چوہدری نثار علی پریس کانفرنس میں خود نہیں آئے اور اپنے سیکریٹری شیخ ساجد کو بھیج دیا۔

رابطہ کرنے پر جے یو آئی (ف) راولپنڈی چیپٹر کے حافظ ضیا اللہ خان نے کہا کہ چوہدری نثار علی نے اپنے حلقے میں نماز جنازہ میں شرکت کرنی تھی اس لیے انہوں نے جمعرات کی صبح پلان تبدیل کیا۔

این اے 53 سے جے یو آئی (ف) کے امیدوار کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر نے مسترد کر دیے اور پارٹی کے پاس موزوں امیدوار کی حمایت کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، لیکن اس کے بدلے میں چکلالہ ڈھوک منشی اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل پی پی 19 میں چوہدری نثار کی حمایت حاصل کر لی۔