پاکستان

الیکشن 2024: خواتین ووٹرز کے اندراج میں نمایاں اضافہ، فافن رپورٹ جاری

عام انتخابات کے لیے ریکارڈ 12 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز کا اندارج کیا گیا، صنفی فرق 2018 کے مقابلے میں 11.8 فیصد سے کم ہوکر 7.7 فیصد ہوگیا۔

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے انتخابی فہرستوں پر رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے ریکارڈ 12 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز کا اندارج کیا گیا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ خواتین ووٹر رجسٹریشن کے نمایاں رجحانات ہیں، گزشتہ دہائی میں ووٹرز رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے۔

2013 کے انتخابات کے بعد سے 4 کروڑ 23 لاکھ ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے، ووٹرز کی تعداد ملک کی آبادی کا 53.2 فیصد ہے، 2018 میں رجسٹرڈ ووٹرز کا تناسب 49.6 فیصد تھا۔

پنجاب میں 57 فیصد، خیبر پختونخوا میں 53 فیصد آبادی ووٹر ہے جبکہ سندھ اور اسلام آباد میں ووٹرز آبادی کا تقریباً 50 فیصد ہیں، بلوچستان میں آبادی کا صرف 36 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک کے 78 اضلاع میں نصف آبادی ووٹرز ہیں جبکہ 49 اضلاع میں ووٹرز آبادی کا 30 سے 50 فیصد ہیں، 9 اضلاع میں 30 فیصد سے کم آبادی رجسٹرڈ ووٹر ہے۔

159 حلقوں میں 50 فیصد آبادی ووٹر ہے، 57 حلقوں میں ووٹرز آبادی کے 50 فیصد سے کم ہیں، 5 حلقوں میں ووٹرز آبادی کا 30 فیصد سے کم ہیں۔

خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن بڑھنے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، 2018 میں خواتین اور مرد ووٹرز کے درمیان صنفی فرق 11.8 فیصد تھا جوکہ اب 7.7 فیصد ہوگیا ہے۔

2018 کے بعد خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن مردوں سے بڑھ گئی، نئے رجسٹرڈ 2 کروڑ 25 لاکھ ووٹرز میں ایک کروڑ 25 لاکھ خواتین اور ایک کروڑ مرد ووٹر ہیں۔

جن اضلاع میں صنفی فرق 2018 میں 10 فیصد سے زیادہ تھا وہ 85 سے کم ہو کر 24 رہ گئے ہیں، جن قومی اسمبلی کے حلقوں میں صنفی فرق 10 فیصد سے زیادہ تھا وہ 173 سےکم ہو کر 38 رہ گئے ہیں۔

ان میں سے 12 قومی اسمبلی کے حلقے خیبر پختونخوا میں، 11 بلوچستان میں، 10 سندھ اور 5 پنجاب میں ہیں۔

جن صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں صنفی فرق 10 فیصد سے زائد تھا وہ 398 سے کم ہو کر 102 ہو گئے، ان میں سندھ کے 31، بلوچستان کے 30، خیبر پختونخوا کے 24 اور پنجاب کے 17 حلقے شامل ہیں۔

عام انتخابات سے قبل نگران حکومت کا پیٹرول، ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا اعلان

وسیم اکرم کی ریورس سوئنگ سے سب ڈرتے تھے، سنجے دت

بھارت: مسجد کی زمین پر تنازع، ہندوؤں کو عبادت کی اجازت