پاکستان

ایف بی آر مالی سال کے ابتدائی 7ماہ میں ہدف سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنے میں کامیاب

جنوری میں ایف بی آر نے 681 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے اور جولائی سے جنوری تک 5ہزار 150 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا، اعلامیہ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے رواں مالی سال 23-2024 میں اب تک اکٹھا کیے گئے ٹیکس کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق مالی سال کے پہلے 7ماہ میں ایف بی آر نے ہدف سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایف بی آر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ جنوری میں ایف بی آر نے 681 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے اور جولائی سے جنوری تک 5ہزار 150 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں ایف بی آر کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے جہاں گزشتہ سال جنوری میں ایف بی آر نے 545 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا تھا اور گزشتہ مالی سال کے دوران جولائی سے جنوری تک 3ہزار 973 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا تھا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جولائی سے جنوری کے لیے 5ہزار 115 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا اور اس طرح ایف بی آر 7ماہ میں ہدف سے35 ارب روپے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا۔