پاکستان

چیف الیکشن کمشنر کا نگران وزیراعظم کو خط، انتخابات کے دنوں میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی درخواست

7سے 9فروری تک بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کیے جائیں، بجلی میں تعطل مشکلات پیدا کرسکتی ہے، سکندر سلطان راجا

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو خط لکھ کر عام انتخابات کے پیش نظر ملک بھر میں 3روز کے لیے لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی درخواست دی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے نگران وزیر اعظم کو خط لکھ کر کہا کہ 7سے 9فروری تک بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات والی رات بجلی میں تعطل مشکلات پیدا کرسکتی ہے اور پولنگ اسٹیشنز میں نتائج کی تیاری کے عمل میں رکاوٹ کھڑی ہوسکتی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے لہٰذا نگران وزیراعظم کو درخواست کی جاتی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کریں۔