پاکستان

لاہور پولیس نے انتخابات کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے ایپ تیار کرلی

پولنگ اسٹیشنز پر تعینات عملے کے موبائلز پر ایپ اپ لوڈ کی جائے گی، ویجلینس ٹیموں کے علاوہ ایپ سے انتخابات کی مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی، ڈی آئی جی آپریشنز

لاہور پولیس کے آپریشنز ونگ نے عام انتخابات کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے ایپ تیار کرلی۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز پر تعینات عملے کے موبائلز پر ایپ اپ لوڈ کی جائے گی، ویجلینس ٹیموں کے علاوہ ایپ سے انتخابات کی مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی جس میں پولنگ کے سامان کی ترسیل، عملہ و نفری کی موجودگی، پولنگ کا آغاز و اختتام شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ رکنے کی صورت میں فوراَ ایپ کی مدد سے آگاہ کیا جاسکے گا، ایپ کے ذریعے جیو ٹیکنگ کی جاسکے گی، افسران و جوان اپنے ڈیوٹی پوائنٹس پر باآسانی پہنچ سکیں گے اور پولنگ اسٹیشنز پر تعینات نفری کی تفصیل حاصل کی جاسکے گی۔

سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈیوٹی پر موجود جوان فوری آگاہ کرے گا جبکہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ایپ مددگار ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایپ کا مقصد پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہنا ہے۔