زینب کے پاپا پر بھارتی ریپر کا دعا کے پاپا کا گانا وائرل
پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار محمد ارشد المعروف ارشد ریلز کی وائرل ہونے والی ویڈیو پر بھارتی ریپر میور جمانی کا تیار کیا گیا مزاحیہ گانا دعا کے پاپا وائرل ہوگیا۔
ارشد ریلز یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر مختصر مزاحیہ ویڈیوز بنانے کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔
اپنے بچوں اور اہلیہ کے ہمراہ ویڈیوز بنانے پر انہیں شہرت حاصل ہے، ویڈیوز میں عام طور پر ان کی اہلیہ انہیں بڑی بیٹی زینب کے پاپا کہ کر پلاتی ہیں،جس پر سوشل میڈیا اسٹار کی چھوٹی بیٹی دعا والد سے پوچھتی ہیں کہ والدہ انہیں دعا کے پاپا کیوں نہیں بلاتیں؟
ارشد ریلز نے اسی معاملے پر مختصر ویڈیو نومبر 2023 میں ریلیز کی تھی، جسے انسٹاگرام پر اب تک 6 لاکھ سے زائد بار جب کہ یوٹیوب پر لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔
مذکورہ وائرل ویڈیو پر بھارتی موسیقار، ریپر اور پروڈیوسر میور جمانی نے پیروڈی گانا تیار کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔
میور جمانی نے پیروڈی ویڈیو کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اسے آفیشل دعا اینتھم کا نام دیا اور بتایا کہ دعا کا آفیشل ترانہ ریلیز ہوگیا۔
ساتھ ہی میور جمانی نے انسٹاگرام پر ارشد ریلز کو بھی مینشن کیا، جنہوں نے ان کے گانے پر کمنٹ کرتے ہوئے اس کی تعریف کی لیکن ساتھ ہی انہیں تجویز دی کہ وہ موسیقی سے گریز کریں۔
بھارتی ریپر کے پیروڈی گانے پر دیگر صارفین نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ دعا عالمی سطح پر سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام ہے۔
کچھ افراد نے یہ کمنٹس بھی کیے کہ پاکستان اور بھارت کا طرز زندگی اور ثقافت ایک جیسا ہی ہے، ان کے نام بھی ایک جیسے ہی ہیں لیکن تقسیم کی وجہ سے وہ الگ الگ ہوگئے۔
خیال رہے کہ ارشد ریلز کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور وہ شہر سے دور کھیتوں میں اپنے موبائل فون کی مدد سے ویڈیوز بناکر مشہور ہوئے اور یوٹیوب پر ان کے سبسکبرائبرز کی تعداد 60 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔