پاکستان

نگران حکومت کا اسٹیٹ لائف انشورنس کے سرمائے میں ایک ارب 80 کروڑ روپے تک اضافے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے متحدہ عرب امارات حکومت کی شرط پوری کرنےکے باعث یہ فیصلہ کیا ہے، متحدہ عرب امارات حکومت کی ریگولیٹری شرط پوری کرنی ضروری تھی۔

نگران حکومت نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان پر جرمانے سے بچنے کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس کے سرمائے میں ایک ارب 80 کروڑ روپے تک اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سمری ہنگامی بنیادوں پر منظور کرلی، نگران وفاقی کابینہ نے اسٹیٹ لائف انشورنس کے سرمائے میں ایک ارب 80 کروڑ روپے تک اضافے کی منظوری دی ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کا پیڈ اپ کیپٹل 6 ارب 20 کروڑ سے بڑھا کر 8 ارب روپے اور اتھارائزڈ شیئر کیپٹل 8 ارب سے بڑھا کر 9 ارب روپےکرنے کی منظوری دی۔

مزید بتایا کہ کابینہ نے متحدہ عرب امارات حکومت کی شرط پوری کرنےکے باعث یہ فیصلہ کیا ہے، متحدہ عرب امارات حکومت کی ریگولیٹری شرط پوری کرنی ضروری تھی۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے قوانین کے تحت وہاں کام کرنے والی انشورنس کمپنیز کا پیڈ اپ کیپٹل 10 کروڑ درہم سے کم نہیں ہونا چاہیے اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کا پیڈ اپ کیپٹل یو اے ای حکومت کے مقرر کردہ 10 کروڑ درہم کی حد سےکم ہونے کے باعث اسے بڑھانا ناگزیر تھا-

حکومتی ذرائع کے مطابق درہم کے مقابلے روپے کی مسلسل بےقدری کے باعث اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے پیڈ اپ کیپٹل کاشارٹ فال ہوا تھا، اسٹیٹ لائف انشورنس گلف زون برانچ کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں کام کررہی ہے اور وہاں مقیم پاکستانیوں کی انشورنش کوریج کرتی ہے۔

بی پی ایل: شعیب ملک نے اپنے متعلق میچ فکسنگ کے الزامات کی تردید کردی

گندم سبسڈی میں کمی کیخلاف گلگت بلتستان میں ہڑتال، نظام زندگی مفلوج

بولی وڈ اداکار آیوشمان کھرانہ کے ’دل دل پاکستان‘ گانا گنگنانے کی ویڈیو وائرل