لائف اسٹائل

’اسکوئڈ گیم‘ سیزن 2 رواں برس ریلیز کرنے کا اعلان

’اسکوئڈ گیم‘ کو ستمبر 2021 میں نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا گیا تھا اور یہ چند ہی ہفتوں میں سال کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بنی تھی۔

اسٹریمنگ ویب سائٹ اینڈ فلم پروڈکشن کمپنی نیٹ فلیکس نے اعلان کیا ہے کہ سروائیول ویب سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے دوسرے سیزن کو رواں برس کے اختتام تک ریلیز کردیا جائے گا۔

شوبز میگزین ورائٹی کے مطابق نیٹ فلیکس نے حال ہی میں رواں برس متعدد ویب سیریز اور فلموں کے دوسرے اور تیسرے سیزنز ریلیز کرنے کا اعلان کیا۔

کمپنی کے مطابق ایملی ان پیرس کا چوتھا سیزن بھی رواں برس کے اختتام تک ریلیز کردیا جائے گا جب کہ گیم آف تھرونز کے ناول سے ماخوذ ایک نئی سیریز کو بھی رواں برس ہی پیش کردیا جائے گا۔

کمپنی نے بتایا کہ گزشتہ برس ہولی وڈ میں ہڑتال اور مظاہروں کے باعث نیٹ فلیکس کی متعدد ویب سیریز اور فلمیں تاخیر کا شکار ہوئیں، تاہم اس باوجود کمپنی رواں برس متعدد سیریز کو ریلیز کرے گی۔

نیٹ فلیکس نے تصدیق کی کہ 2024 کے اختتام تک جنوبی کورین سروائیول ویب سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ سیزن 2 کو بھی ریلیز کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ نیٹ فلیکس نے دسمبر 2021 میں تصدیق کی تھی کہ ’اسکوئڈ گیم‘ سیریز کے مزید دو سیزن بنائے جائیں گے۔

’اسکوئڈ گیم‘ کو ستمبر 2021 میں نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا گیا تھا اور یہ چند ہی ہفتوں میں سال کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بنی تھی۔

سیریز کے رائٹر اور ڈائریکٹر ہوانگ ڈونگ ہیوک نے پہلے سیزن کی کامیابی کے بعد اس کے مزید دو سیزن بنانے کا اعلان کیا تھا اور اب نیٹ فلیکس نے اس کے دوسرے سیزن کو رواں برس ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سیریز میں بچوں کے کھیل کھیلنے اور قرض اتارنے کے خواہش مند افراد کو گیم میں شکست پر سب کے سامنے گولی مار کر ہلاک کردیا جاتا ہے اور وہ اسی سنسنی کی وجہ سے ہی دنیا بھر میں مقبول ہوئی۔

نیٹ فلیکس کی ’اسکوئیڈ گیم‘ کا سیکوئل بنانے کی تصدیق

’اسکوئڈ گیم’ نیٹ فلیکس کی مقبول ترین ڈراما سیریز بن گئی

ایک اور کورین ڈرامے نے مقبولیت میں اسکوئڈ گیم کو پیچھے چھوڑ دیا