پاکستان

افواج پاکستان صرف ’انتہائی حساس‘ پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہوں گی، الیکشن کمیشن

محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پولیس درجہ اول کی ذمہ دار جبکہ سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان ثانوی درجے کی ذمہ دار ہوں گی، ای سی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابات میں فوج کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، ساتھ ہی انتخابات کے پُرامن انعقاد اور فول پروف سیکیورٹی کے لیے سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان کی تعیناتی کے لیے 19 نکاتی ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق افواج پاکستان صرف منتخب انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہوں گی۔

سول آرمڈ فورسز بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران پرنٹنگ پریس کی حفاظت پر مامور ہوں گی۔

انتخابی سامان کی ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ اسٹیشنز تک ترسیل، گنتی اور انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد انتخابی سامان کی واپس ریٹرننگ افسران کے دفاتر تک منتقلی تک سیکیورٹی مہیا کریں گی۔

محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پولیس درجہ اول کی ذمہ دار جبکہ سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان ثانوی درجے کی ذمہ دار ہوں گی اور آئین کے آرٹیکل 220، 245 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 4 اور 5 اور انتخابی قانون 2017 کی دفعہ 193 اور 5 کے تحت اپنے فرائض انجام دیں گی۔