پاکستان

9مئی مقدمات: عمران خان، شاہ محمود قریشی پر 6 فروری کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ کو مقدمات کی نقول فراہم کر تے ہوئے مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کردی۔
|

سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لیے 6 فروری کی تاریخ مقرر کردی گئی۔

عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف 9 مئی سے متعلق کیسز کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی، سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو مقدمات کی نقول فراہم کر تے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کے لئے 6 فروری کی تاریخ مقرر کردی۔

عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف کیس کی مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کردی۔

9 مئی سے متعلق سابق وزیراعظم کے خلاف 12 اور سابق وزیر خارجہ کے خلاف 6 مقدمات درج ہیں اور دونوں نے ان مقدمات کے سلسلے میں درخواستِ ضمانت دائر کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

آئی سی سی نے امپائر آف دی ایئر2023 کا اعلان کردیا

ماضی میں شادی پردلہن کو ملنے والی چیزیں کیسے دکھائی جاتی تھیں؟ نادیہ افگن نے بتادیا

عدت کے دوران نکاح کیس: گواہان کے بیانات قلمبند نہ کرنے کے حکم میں 31 جنوری تک توسیع