پاکستان

ایسی حکومت قائم ہونی چاہیے جو 5 سال پورے کرے، جہانگیر ترین

ان شااللہ عوام کے ووٹوں کی طاقت سے حکومت ہماری ہوگی، ایسے کام کریں گے کہ لوگ یاد رکھیں گے، چیئرمین آئی پی پی

چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد ایسی حکومت قائم ہونی چاہیے جو 5 سال پورے کرے کیونکہ دو تین سال چلنے والی حکومتیں کام نہیں کر سکتیں۔

لودھراں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ’8 فروری کے بعد نئی حکومت بنے گی، ایسی حکومت قائم ہونی چاہیے جو 5 سال پورے کرے، دو تین سال چلنے والی حکومتیں کام نہیں کر سکتیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ان شااللہ عوام کے ووٹوں کی طاقت سے حکومت ہماری ہوگی، ایسے کام کریں گے کہ لوگ یاد رکھیں گے، اگلے پانچ سال لودھراں اور پاکستان کو مثالی بنائیں گے، عوام نے موقع دیا تو لودھراں اور ملک کا چہرہ بدل دیں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’لودھراں میں پہلے سے 5 گنا زیادہ کام کریں گے، ان شااللہ اپنے عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا، اپنے بیٹے کو بھی کہا ہے کہ ہمیشہ لودھراں کے لوگوں کی خدمت کرنی ہے، لودھراں نے مجھے عزت دی اور 40 ہزار ووٹوں کے مارجن سے کامیاب کرایا‘۔