پاکستان

وزیر تجارت گوہر اعجاز کو وزیر داخلہ کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا

سرفراز بگٹی نے کچھ ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا، جسے بعدازاں قبول کر لیا گیا تھا۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز کو وزیر داخلہ کا قلمدان بھی سونپ دیا ہے۔

ڈان نیو زکے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

بعد ازاں نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے وزارت داخلہ میں اپنے منصب کی ذمہ داریاں سنبھال لیں، گوہر اعجاز نے قرآن پاک کی تلاوت کے بعد فرائض سر انجام دینا شروع کیے، گوہر اعجاز کو وزارت داخلہ کے حکام نے بریفنگ بھی دی۔

یاد رہے کہ 15 دسمبر کو سرفراز بگٹی نگران وزیر داخلہ کے منصب سے مستعفی ہوگئے تھے، ذرائع کا کہنا تھا کہ سرفراز بگٹی نے 13 دسمبر کو ’کچھ ذاتی وجوہات‘ کا حوالہ دیتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا، جسے بعدازاں قبول کر لیا گیا۔

سرفراز بگٹی کے قریبی ذرائع کا دعویٰ تھا کہ سرفراز بگٹی نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے ارادے سے کابینہ سے استعفیٰ دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتخابی شیڈول جاری ہونے سے قبل ہی استعفیٰ دے دیا تھا کیونکہ قانون کے تحت نگران سیٹ اپ کے اراکین انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔

بعدازاں 18 دسمبر کو سرفراز بگٹی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

سوشل میڈیا پروپیگنڈا کا مقصد بےیقینی، افراتفری، مایوسی پھیلانا ہے، آرمی چیف

توشہ خانہ، 190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان کی جیل ٹرائل کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

مریم اورنگزیب، جاوید لطیف اشتعال انگیز گفتگو کے مقدمے سے بری